سری لنکا کے نامزد ہائی کمشنر فریڈ سینی ورتنے نے اسلام آباد میں ذمہ داریاں سنبھال لیں
اسلام آباد – (عدنان حمید) : سری لنکا کے نئے نامزد ہائی کمشنر برائے پاکستان ریئر ایڈمرل فریڈ سینی ورتنے (ریٹائرڈ) VSV, USP, psc, MSc (DS) نے 25 جون 2025 کو اسلام آباد پہنچنے کے بعد 26 جون کو باضابطہ طور پر ہائی کمیشن آف سری لنکا اسلام آباد میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
نامزد ہائی کمشنر کو لنکن ہائی کمیشن کے عملے نے پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اپنے ابتدائی خطاب میں فریڈ سینی ورتنے نے عملے سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سری لنکا کے وژن کو اجاگر کیا اور مشن کی سرگرمیوں کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا، جو سری لنکا کے عوام کی امنگوں اور حکومت کے مینڈیٹ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے یہ بھی زور دیا کہ پاکستان اور سری لنکا جنوبی ایشیا کے دو اسٹریٹجک پارٹنرز ہیں اور دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد پر مبنی ہیں۔
ذمہ داریاں سنبھالنے کی تقریب کا آغاز روایتی تیل کے چراغ جلانے، مذہبی رسومات کی ادائیگی اور عملے سے خطاب سے ہوا، جس کے بعد سری لنکن روایتی نمکین اور مٹھائیوں کے ساتھ تواضع کی گئی۔
تقریب کے بعد، ہائی کمشنر نامزد فریڈ سینی ورتنے نے اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں واقع انٹرنیشنل بدھسٹ سینٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عبادت کی اور پھول پیش کیے۔
پاکستان میں ہائی کمشنر تعینات ہونے سے قبل، فریڈ سینی ورتنے سری لنکن بحریہ کے کمانڈر کے مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں، جہاں ان کی ذمہ داریوں میں بحری اور زمینی آپریشنز کی نگرانی، منصوبہ بندی اور دیگر مسلح افواج کے ساتھ کوآرڈینیشن شامل تھی۔
ریئر ایڈمرل فریڈ سینی ورتنے نے 1986 میں سری لنکن نیوی میں شمولیت اختیار کی اور 9 مارچ 2019 سے 25 اگست 2020 تک ریئر ایڈمرل کے عہدے پر فائز رہے۔ انہوں نے یونیورسٹی آف کیلنیا، سری لنکا سے ماسٹرز آف ڈیفنس اسٹڈیز کی ڈگری حاصل کی۔