حزب اللہ نے حسن نصراللہ کی شہادت کی تصدیق کر دی
-
حزب اللہ نے چند لمحوں پہلے اپنے ایک بیان میں تصدیق کی ہے کہ اس کے سربراہ حسن نصراللہ شہید ہوگئے ہیں۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ سمیت لبنانی تنظیم کے متعدد کمانڈر جنوبی لبنان میں ایک اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے ہیں۔
لبنان کی تنظیم حزب اللہ نے ہفتے کو تصدیق کی ہے کہ حسن نصر اللہ کی بیروت میں اسرائیلی حملے میں موت ہو گئی ہے۔ حزب اللہ نے اسرائیل کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ حسن نصر اللہ گذشتہ روز بیروت میں ایک حملے میں مارے گئے ہیں۔ ابتدائی طور پر حزب اللہ نے اپنے لیڈر کی موت کی تصدیق نہیں کی تھی۔
اسرائیلی فوج کے مطابق حملے میں حزب اللہ کے ’زیادہ تر‘ سینئر رہنما جان سے جا چکے ہیں۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل ناداو شوشانی نے آن لائن پریس بریفنگ میں کہا کہ ’حزب اللہ کے زیادہ تر سینیئر رہنماؤں کو مار دیا گیا۔‘
اسرائیلی فوج نے آج آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ ’حسن نصر اللہ اب دنیا کو خوف زدہ نہیں کر پائیں گے۔‘
اسرائیلی فوج کے ترجمان افيخائی ادرعی نے ایکس پر عربی زبان میں جاری کیے گئے بیان میں مزید کہا: ’اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے جنوبی محاذ کے کمانڈر علی کرکی اور دیگر متعدد حزب اللہ رہنماؤں کو بھی قتل کر دیا ہے۔‘
خبر رساں ادارے روئٹرز نے ہفتے کو حزب اللہ کے قریبی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ جمعے کو شدید فضائی بمباری کے بعد سے حسن نصراللہ سے رابطہ نہیں ہو پا رہا۔